تربت(گدروشیا پوائنٹ)ایس پی کیچ کیپٹن زوہیب محسن سے انجمن تاجران سمیت مختلف شخصیات نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران امن و امان کی مجموعی صورتحال اور پولیس فورس کی کارکردگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس موقع پر ضلع میں امن و امان کی بہتری اور پولیس کی خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہاکہ ایس پی کی تعیناتی کے بعد چوری ڈکیتی میں کمی آئی ہے۔
ایس پی کیچ زوہیب محسن نے کہا کہ پولیس دراصل ایک عوامی فورس ہے اور اس کا بنیادی مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ اور معاشرتی امن کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں تو پولیس مزید بہتر اور شفاف سروس فراہم کر سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ عرصے میں عوامی تعاون اور پولیس فورس کی محنت کے نتیجے میں ضلع کیچ میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ عوامی حلقے بھی اس بات کو تسلیم کر رہے ہیں کہ پولیس کی کارکردگی ماضی کے مقابلے میں بہتر ہوئی ہے۔
انہوں نے تاجر برادری اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم کریں تاکہ معاشرے میں جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ کیا جا سکے اور ضلع کیچ کو ایک پرامن خطہ بنایا جا سکے۔
تاجر برادری اور دیگر معززین نے ایس ایس پی کیچ کو یقین دہانی کرائی کہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے اور علاقے کی امن و خوشحالی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

