تربت(گدروشیا پوائنٹ) انجمن تاجران کیچ کے چیئرمین نثار آدم جوسکی اور سابق جنرل سیکرٹری اعجاز علی جوسکی نے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی جانب سے تربت میں تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے حامل “کلچر اینڈ انٹرٹینمنٹ فیسٹیول” کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ضلع کی سماجی و ثقافتی زندگی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کیچ کی مثبت سوچ اور دور اندیشی اس بات کی عکاس ہے کہ وہ نوجوانوں اور عوام کو صحت مند تفریح، علمی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے خواہاں ہیں۔ یہ عمل نہ صرف ان کی ادب و ثقافت دوستی کا ثبوت ہے بلکہ علاقے میں خوشگوار اور پرامن ماحول کے قیام کی بنیاد بھی رکھے گا۔
تاجر رہنماؤں نثار آدم جوسکی اور اعجازِ علی جوسکی انجمن تاجران کیچ ہمیشہ ایسی مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی حمایت کرتی رہی ہے، کیونکہ یہ ایونٹس نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، مقامی فن و ہنر کو فروغ دینے اور ثقافتی ورثے کو زندہ رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ثقافتی اور تفریحی پروگرام عوام کو نہ صرف خوشی اور سکون فراہم کرتے ہیں بلکہ بھائی چارے، یگانگت اور یکجہتی کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے فیسٹیول ضلع کی شناخت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی شعور کی بیداری اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔ تربت جیسے شہر میں ان پروگرامز کا انعقاد مقامی معیشت پر مثبت اثرات ڈالے گا۔
آخر میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی علمی، ادبی، ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کے تسلسل سے معاشرے میں خوشحالی اور ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

