تربت(گدروشیا پوائنٹ)لاپتہ افراد کے لواحقین نے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ سے ملاقات کی اور اپنے پیاروں کی جلد بازیابی کا مطالبہ کیا۔ لواحقین میں نعیم رحمت، محمد بخش اور کوشک بلیدہ کے رہائشی طلال رشید و دل دار کے اہل خانہ شامل تھے۔
لواحقین نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے 14 تاریخ کو فٹبال گراؤنڈ سے طلال رشید اور دل دار کو اٹھایا تھا، جس کے بعد تاحال ان کے حوالے سے کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ اہل خانہ نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے پیاروں کی عدم بازیابی سے وہ شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے لواحقین کو یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس ضمن میں ہر ممکن کوشش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو لاپتہ افراد کی بازیابی آئندہ دو دنوں میں متوقع ہے اور ضلعی انتظامیہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
اس موقع پر لواحقین نے ڈپٹی کمشنر کی یقین دہانی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے پیارے جلد از جلد اپنے گھروں کو لوٹ آئیں گے۔

