گوادر: سید ظہور شاہ ہاشمی کی سو سالہ ولادت 2026 کو “ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کا سال” قرار

گوادر(گدروشیا پوائنٹ) گوادر میں سید ظہور شاہ ہاشمی کی سو سالہ ولادت2026 کو ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کا سال قرار دینے کا اعلان رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کے ہمراہ بلوچی زبان کے نامور ادیب، دانشور اور شاعر سید ظہور شاہ ہاشمی کی سو سالہ ولادت کی تیاریوں کے سلسلے میں سیاسی، سماجی شخصیات اور معتبرین کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی
اجلاس میں واجہ اشرف حسین، ماجد سہرابی، چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر ماجد جوہر، سمی بلوچ، انور عیسیٰ اور واجہ رفیق جمعہ سمیت دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جنوری 2026 کے پہلے ہفتے سے پورے سال کو “سید ظہور شاہ ہاشمی کا سال” قرار دے کر مختلف تقریبات کا آغاز کیا جائے گا، جن میں علمی و ادبی پروگرام، مشاعرے، کتب میلے اور دیگر سرگرمیاں شامل ہوں گی۔ ان تقریبات میں اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، اکیڈمیوں اور مختلف علمی و سماجی اداروں کے ساتھ ساتھ نامور شخصیات بھی شریک ہوں گی۔ رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن نے اعلان کیا کہ اس سال کے دوران سید ظہور شاہ ہاشمی کی 16 کتابیں شائع کی جائیں گی جبکہ افتتاحی تقریب میں مرحوم کے اہلِ خانہ کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا۔ اجلاس میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن ہوں گے۔ کمیٹی کے دیگر اراکین میں صدر سید ظہور شاہ ہاشمی اکیڈمی واجہ علی عیسیٰ، انور عیسیٰ، واجہ رفیق جمعہ، چیئرمین میونسپل کمیٹی ماجد جوہر، ماجد سہرابی اور ناصر سہرابی شامل ہوں گے۔
اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ سید ظہور شاہ ہاشمی کی سو سالہ برسی میں گوادر میں لیٹریری فیسٹیول بھی منعقد کیے جائیں گے گا، جس میں دانشوروں، محققین اور ادیبوں کو مدعو کیا جائے گا تاکہ سید ظہور شاہ ہاشمی کی علمی و ادبی خدمات کو ہر سطح پر خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔