کوئٹہ:حکومت بلوچستان کا بڑا قدم، ’’بینک آف بلوچستان‘‘ کے قیام کا اعلان

کوئٹہ (گدروشیا پوائنٹ) حکومت بلوچستان نے صوبے کی مالی خود مختاری اور ترقی کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ’’بینک آف بلوچستان‘‘ کے قیام کا اعلان کر دیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سر فراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس میں اس منصوبے پر ابتدائی فزیبلٹی رپورٹ پیش کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں بتایا گیا کہ بینک آف بلوچستان کے قیام سے صوبے کی آمدنی کو بہتر انداز میں منظم کیا جا سکے گا اور عوام کو جدید بینکاری سہولتیں میسر آئیں گی۔ صوبائی حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ ادارہ بلوچستان کے وسائل کو شفاف انداز میں استعمال کرنے اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
وزیر اعلیٰ میر سر فراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو معاشی استحکام دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بینک کے قیام سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ کاروباری طبقے کو بھی سہولتیں فراہم ہوں گی۔
اجلاس میں شریک حکام نے فزیبلٹی رپورٹ پر تجاویز دیں اور منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ جلد از جلد منصوبے کے حتمی ڈھانچے اور قانونی تقاضے مکمل کیے جائیں تاکہ بینک آف بلوچستان کے قیام کا عمل تیز رفتار ہو سکے۔