تربت (گدروشیا پوائنٹ) کیچ فیسٹول کے انعقاد پر چیئرمین یونین کونسل جاوید کریم کا ڈی سی بشیر احمد بڑیچ کو خراجِ تحسین، انکی بلوچ و بلوچستان سے متعلق کاوشوں کی تعریف۔ تفصیلات کے مطابق یونین کونسل کے چیئرمین جاوید کریم نے اپنے ایک بیان میں ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ اور ضلعی انتظامیہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کیچ کے زیراہتمام کیچ کلچرل کمپلیکس میں بلوچ کلچر، آرٹ، تفریح اور ادب پر مشتمل کیچ فیسٹول کا انعقاد ایک خوش آئند اور مثبت قدم ہے۔
چیئرمین جاوید کریم نے کہا کہ اس فیسٹیول کے ذریعے بلوچ قوم کی ثقافت، روایات، ارٹ،زبان، فن اور ہنر دنیا کے سامنے اجاگر ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے پروگرام نہ صرف مقامی فنکاروں اور ادیبوں کی حوصلہ افزائی کا سبب بنتے ہیں بلکہ نوجوان نسل کو اپنی ثقافت اور اقدار سے جوڑنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تربت سمیت پورے مکران میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد فنونِ لطیفہ، ادب اور ثقافت سے وابستہ ہے اور کلچر گالہ جیسے اقدامات ان کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔ جاوید کریم نے امید ظاہر کی کہ اس فیسٹیول کے انعقاد سے نہ صرف علاقے میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ بلوچستان کا نرم اور ثقافتی چہرہ بھی دنیا کے سامنے آئے گا۔ چیئرمین یونین کونسل نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کیچ کی یہ کاوش علاقے کی سماجی ہم آہنگی اور ثقافتی ورثے کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔

