تربت (گدروشیا پوائنٹ) کیچ آرٹس فیسٹیول کی رابطہ کمیٹی نے فیسٹیول منیجر التاز سخی کی قیادت میں نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ملاقات کی اور انہیں فیسٹیول میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔ یہ ملاقات پیر کے روز ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی رہائش گاہ پر ہوئی، جس میں کمیٹی کے اراکین مقبول ناصر، قدیر لقمان، عومر ہوت، غلام اعظم دشتی، للہ بلوچ، حافظ صلاح الدین سلفی، پھلان خان اور مبارک بلوچ شریک تھے۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے رہنما انور اسلم اور نعیم عادل بھی موجود تھے۔
کمیٹی کے اراکین نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو فیسٹیول کے مختلف پروگرامز اور سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی سرپرستی میں ستمبر کے دوسرے عشرے میں کیچ کلچرل سینٹر تربت میں کیچ آرٹس اینڈ کلچرل فیسٹیول کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس فیسٹیول میں ادبی و ثقافتی مباحثے، بزنس اور انٹرپرینیورشپ سے متعلق نشستیں، مشاعرہ، میوزیکل پروگرام، مالد شے پرجا اور دیگر سرگرمیاں شامل ہوں گی۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کمیٹی کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ تربت ہمیشہ سے ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے اور آرٹس فیسٹیول کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ ایسی مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون فراہم کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی اپنی خدمات پیش کرتے رہیں گے۔
انہوں نے فیسٹیول کو کامیاب بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کیں اور کہا کہ یہ بات قابلِ تعریف ہے کہ پروگرام کو صرف تفریح تک محدود نہیں رکھا گیا بلکہ ادب، ثقافت، بزنس، انٹرپرینیورشپ اور تعلیم جیسے اہم موضوعات کو بھی شامل کیا گیا ہے، جس سے نئی نسل کو حقیقی فائدہ پہنچے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بدلتے ہوئے وقت کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بزنس اور پروفیشنل ایجوکیشن پر خصوصی توجہ دینا ناگزیر ہے اور فیسٹیول میں ان موضوعات کا احاطہ کرنا معاشرے کو مثبت سمت دینے کی ایک اہم کوشش ہے۔
فیسٹیول منیجر التاز سخی اور کمیٹی کے دیگر اراکین نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی مثبت سوچ اور تعاون کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

