تربت(گدروشیا پوائنٹ) کیچ کلچر کمپلیکس کی دیوار سے منسلک سیکورٹی فورسز کی ناکہ پر دستی بم حملہ، 8 افراد زخمی۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شہر تربت کے علاقے سنگانی سر میں کیچ کلچر کمپلیکس کی دیوار کے ساتھ قائم سیکورٹی فورسز کی ناکہ پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا۔ ذرائع کے مطابق حملے کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے فوری جوابی فائرنگ کی۔ دھماکے اور فائرنگ کی آوازوں سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، قریبی دکانیں بند ہوگئیں اور لوگ فوراً گھروں کو روانہ ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق حملے میں 8 افراد زخمی ہوئے جن کا تعلق سانگھڑ سندھ، صلالہ بازار تربت، سنگانی سر تربت، مستونگ اور نال سے بتایا جاتا ہے اور زخمی تمام افراد راہگیر تھے۔
جبکہ ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے ترجمان کے مطابق “فتنہ الہندوستان” کے مسلح افراد نے آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں راہگیر زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ایف سی ہسپتال اور ڈی ایچ کیو تربت منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی گئی۔ زخمیوں میں ظفر، مرتضیٰ، شاہ زیب، جہانزیب، اشرف، محمد حسام، احسان اور نادل شامل ہیں۔

