گوادر (گدروشیا پوائنٹ) جمعیت علمائے اسلام ضلع گوادر کا ایک وفد ضلعی امیر مفتی رحمت اللہ شاہ عباسی کی سربراہی میں ڈپٹی کمشنر گوادر حمودالرحمٰن اور ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان سے ملا۔ اس ملاقات میں جلال حمل سمیت تمام لاپتہ افراد کی بازیابی و رہائی اور گوادر کے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔لاپتہ افراد کے حوالے سے مفتی رحمت اللہ شاہ عباسی نے کہا کہ یہ ایک انتہائی اہم مسئلہ ہے جس کی وجہ سے کئی خاندان پریشانی میں مبتلا ہیں۔ جن کے بچے لاپتہ ہیں وہ شدید اذیت سے گزر رہے ہیں، لہٰذا اس اہم مسئلے میں داد رسی کی جائے۔ اس پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انشاء اللہ ہم بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ تمام لاپتہ افراد بازیاب ہو جائیں۔ گوادر میں پانی اور بجلی کے مسائل پر امیر جے یو آئی نے کہا کہ یہ مسائل دن بدن بڑھ رہے ہیں اور کم ہونے کا نام نہیں لے رہے، جس کی وجہ سے گوادر کے عوام ہر وقت پریشان رہتے ہیں۔ اس پر ایم پی اے گوادر نے کہا کہ بلوچستان حکومت کو ان مسائل سے ہر وقت آگاہ کر رہا ہوں اور مستقل حل کے لیے ایک لائحہ عمل طے کر کے ان پر قابو پایا جائے گا۔ تحصیل اورماڑہ میں بجلی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بھی ڈپٹی کمشنر اور ایم پی اے سے شکایت کی گئی۔ جس پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ ایکسین حسین بخش اور اس کی ٹیم کو بلا کر معاملے کی تحقیق کی۔ ایکسین نے بتایا کہ کچھ مسائل ہیں جن پر دو سے تین دن میں کام کر کے جلد حل نکالا جائے گا۔ وفد نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پانوان میں گرلز کالج کی بچیوں کی اسکول بس ڈیزل نہ ہونے کی وجہ سے بند ہے، لہٰذا ضلعی انتظامیہ فوری طور پر بس کے ڈیزل کا انتظام کرے تاکہ بس چلائی جا سکے۔ اس پر ایم پی اے گوادر اور ڈپٹی کمشنر نے اسی وقت کالج انتظامیہ سے رابطہ کر کے سال بھر کے ڈیزل کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی۔ وفد میں جمعیت علمائے اسلام گوادر کے امیر مفتی رحمت اللہ شاہ عباسی سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔
جبکہ اس موقع پر حق دو تحریک بلوچستان کے چیئرمین حسین واڈیلا ، وائس چیئرمین حاجی ناصر پلیزئی بھی موجود تھے

