حب(گدروشیا پوائنٹ) یوسف گوٹھ، آل بلوچستان سندھ بس یونین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مکران کے عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرانسپورٹرز نے کراچی سے تربت بس سروس کا وقت صبح 8 بجے مقرر کیا ہے تاکہ کیچ کے عوام بروقت اپنے گھروں کو پہنچ سکیں۔
تاہم حکومت اور انتظامیہ کے رویے کی وجہ سے کیچ کے عوام وقت پر نہیں پہنچ پا رہے۔ ہماری کوچ سروسز جب صبح 8 بجے کراچی سے روانہ ہوتی ہیں تو کوشش ہوتی ہے کہ مغرب سے پہلے کیچ بس ٹرمینل پہنچ جائیں، لیکن پچھلے کچھ دنوں سے حکومت اور انتظامیہ نے ایک نیا قانون نافذ کر رکھا ہے۔
یونین کے مطابق، تالار کے بعد ہماری بسیں شام 6 بجے تک ڈی بلوچ پہنچ جاتی ہیں، لیکن سیکورٹی فورسز کے اہلکار یہ کہہ کر بسوں کو تربت شہر داخل نہیں ہونے دیتے کہ انہیں 6 بجے سے پہلے پہنچنا چاہیے تھا۔ اس رویے سے عوام شدید مشکلات اور اذیت کا شکار ہیں۔
اگر کوچز کی رفتار کو زبردستی بڑھایا جائے تو خدانخواستہ حادثات کے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔ ہم حکومت اور کیچ انتظامیہ کے اس حکم نامے کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔
یونین کا کہنا ہے کہ اگر یہ حکم نامہ واپس نہ لیا گیا تو ہم مجبورا اپنی ٹرانسپورٹ دفاتر اور بس سروسز بند کرکے غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کریں گے۔ اس سلسلے میں بہت جلد بس یونین کا اجلاس منعقد کرکے آئندہ کا لائحہ عمل بھی اعلان کیا جائے گا

