گوادر(گدروشیا پوائنٹ) ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر کی صدارت میں آج 20 اگست کو ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں کھلی کچہری منعقد ہوئی، جس میں مختلف اداروں کے سرکاری افسران، سول سوسائٹی، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
میونسپل کمیٹی گوادر کے چیئرمین ماجد جوھر، سول سوسائٹی کے صدر محمد جان، سیکریٹری محمد عارف، کونسلر اصغر طیب، انجمن تاجران کے عبدالغنی، میڈیا سے انیتا جلیل اور یعقوب پژ نیو ٹاؤن کے ساجد بلوچ، بلوچستان پروگریسو سوسائٹی پسنی کے عاقل منیر، اوماڑہ کے بلال احمد، ڈسٹرکٹ گوادر کے کوآرڈینیٹر بلال قادر اور مسلم لیگ کے پرویز جمیل سمیت دیگر نے مختلف مسائل اور تجاویز پیش کیں۔
تعلیم کے حوالے سے محمد حسن نے اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ ایم ایس گوادر اور ڈاکٹر شاہنواز بلوچ نے صحت کے مسائل پر بات کی۔ میونسپل کمیٹی کے چیئرمین ماجد جوہر نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ گوادر سے متعلق سرکاری اجلاسوں میں بلایا نہیں جاتا ہے پھر عوام کو درپیش بنیادی مسائل جیسے حل ہونگے
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سعد کلیم ظفر نے کہا کہ جو مسائل ضلعی انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں ہیں وہ ان شاءاللہ فوری حل کیے جائیں گے، جبکہ صوبائی اور وفاقی سطح کے مسائل متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں گوادر میں پانی اور بجلی کے مستقل حل کے لیے جامع منصوبہ بندی کر رہی ہیں اور بہت جلد عوام کے دیرینہ مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کے صحت، صفائی اور دیگر مسائل کو بھی مشترکہ کوششوں سے حل کیا جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب مل کر گوادر کو مسائل سے پاک اور خوبصورت شہر بنائیں گے۔ واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منعقدہ اس اہم کھلی کچہری میں کئی اداروں نے شرکت نہیں کی، جس پر عوام نے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

