کوئٹہ (گدروشیا پوائنٹ)محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور طوفانی ہواؤں کے پیشِ نظر وارننگ جاری کر دی ہے۔ جاری کردہ رپورٹ کے مطابق منگل اور بدھ کو صوبے کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ کئی اضلاع میں بارش اور آندھی کے ساتھ گرج چمک کے امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو خضدار، قلات، لسبیلہ، آواران، اوتھل، حب، بیسیما، پنجگور، کچھی، بولان، سبی، ڈیرہ بگٹی، مستونگ، شیرانی، نصیرآباد، بارکھان، ژوب، کوئٹہ، زیارت اور ساحلی پٹی سمیت دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
بدھ کے روز بھی زیادہ تر اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ لسبیلہ، آواران، پنجگور، خضدار، سوراب، واشک، کیچ، اوتھل اور حب میں بارش اور گرج چمک متوقع ہے، جبکہ قلات، بولان، زیارت، ہرنائی، کوہلو، بارکھان اور موسیٰ خیل میں ہلکی بارش اور طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش کے باعث مقامی ندی نالوں اور پہاڑی ریلوں میں طغیانی آ سکتی ہے، جس سے خضدار، آواران، لسبیلہ، حب، زہری، سوراب، مچھ، منگوچر اور ساحلی پٹی کے علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ بارش خضدار میں 60.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ سبی میں 40 ملی میٹر، قلات میں 28 ملی میٹر اور ژوب میں 9 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اسی طرح کوئٹہ شہر اور لسبیلہ میں 5 ملی میٹر، سامنگلی میں 4 ملی میٹر اور اُستا محمد میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین میں 43 ڈگری اور تربت میں 42.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سب سے کم درجہ حرارت قلات میں 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات نے عوام اور ٹرانسپورٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

