تربت (گدروشیا پوائنٹ)مکران ڈویژن میں مون سون شجر کاری مہم 2025 کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن آفس کیچ کے احاطے میں پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں مختلف محکموں کے سربراہان اور افسران نے شرکت کی اور شجرکاری میں حصہ لیا، جن میں محکمہ حیوانات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد حنیف، ایگریکلچر مارکیٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر محبوب علی، محکمہ ماحولیات کے طارق صاحب، پبلک ہیلتھ کے ایگزیکٹیو انجنیئر حاجی خالد، ایریگیشن کے ایگزیکٹیو انجنیئر عدیل فیض، چیف آفیسر تربت شعیب ناصر، لوکل گورنمنٹ کے زاہد صاحب سمیت دیگر افسران شامل تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیچ نے کہا کہ “ایک بیٹی ایک شجر” محض نعرہ نہیں بلکہ ایک عہد ہے کہ ہم آنے والی نسلوں کو صحت مند اور سرسبز ماحول فراہم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے شجر کاری ناگزیر ہے، اس لیے ہر شہری کو قومی فریضہ سمجھ کر اس مہم میں حصہ لینا چاہیے۔
شجر کاری مہم کے تحت مکران ڈویژن کے تینوں اضلاع — کیچ، گوادر اور پنجگور — میں ہزاروں پودے لگائے جائیں گے، جو سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں، پارکوں اور دیہات میں نصب کیے جائیں گے۔ یہ مہم “کلین اینڈ گرین بلوچستان” پروگرام کا حصہ ہے جس میں تمام محکمے براہِ راست شریک ہوں گے۔
مہم کو کامیاب بنانے میں جنگلات کے کنزرویٹر عبدالوحید بلوچ، ڈی ایف او نصرت بلوچ اور وائلڈ لائف کیچ کے اے سی عملی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کیچ نے اپنے پیغام میں کہا کہ تمام ادارے شجر کاری کو یقینی بنائیں اور لگائے گئے پودوں کی دیکھ بھال پر خاص توجہ دیں تاکہ یہ ماحول دوست اقدام پائیدار نتائج دے سکے۔
تقریب کے اختتام پر عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ گھروں، دفاتر، اسکولوں اور دیہات میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں اور اس عمل کو صدقہ جاریہ سمجھتے ہوئے آئندہ نسلوں کے لیے سرسبز بلوچستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔

