تربت: محکمہ خزانہ کی جانب سے ڈی ڈی اوز کے لیے آن لائن ورکشاپ کا انعقاد

تربت (گدروشیا پوائنٹ) فنانس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ضلع کیچ کے ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ آفیسرز (ڈی ڈی اوز) کے لیے ایک روزہ آن لائن ورکشاپ این آر پی ہال تربت میں منعقد ہوئی، جس میں ضلع کے تمام محکموں کے ڈی ڈی اوز نے بھرپور شرکت کی۔ ورکشاپ کا مقصد سرکاری فنڈز کے شفاف استعمال، بجٹ سازی اور مالیاتی نظم و نسق کے جدید تقاضوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔
ورکشاپ کے دوران محکمہ خزانہ کے افسران نے واضح کیا کہ آئندہ تمام بلوں کی ادائیگی اور ریکارڈ صرف آن لائن نظام کے ذریعے ممکن ہوگا۔ نئے نظام کے تحت ہر ڈی ڈی او نہ صرف اپنے بل آن لائن جمع کرا سکے گا بلکہ پورٹل کے ذریعے یہ بھی جان سکے گا کہ اس کا بل کس مرحلے پر ہے، کہاں تک پہنچا ہے اور تاخیر کی صورت میں اس کی وجہ کیا ہے۔ افسران کے مطابق یہ اقدام شفافیت اور بروقت ادائیگی کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے۔
محکمہ خزانہ کیچ کے افسر صدام حسین نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ نئے آن لائن نظام کا نام ڈی جی او مائیکرو پیمنٹ ہے، جس کے تحت پہلے کی طرح چیک جاری کرنے کے بجائے براہِ راست آن لائن ادائیگی ممکن ہوگی۔ اس طرح ڈی ڈی اوز کو دفاتر کے چکر لگانے یا کاغذی کارروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ ہر افسر اپنے بل کی حیثیت آن لائن دیکھ سکے گا اور اعتراض یا تکمیل کی صورت میں فوری طور پر آگاہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس نظام کے ذریعے نہ صرف شفافیت یقینی ہوگی بلکہ اخراجات کا روزانہ کی بنیاد پر ریکارڈ تیار ہوگا جو وزارتِ خزانہ کو بھی دستیاب ہوگا۔ یوں بجٹ سازی زیادہ درست انداز میں ممکن ہوگی اور عوامی فنڈز کے ضیاع کے امکانات کم ہوں گے۔
ورکشاپ میں محکمہ خزانہ کیچ کے افسران صدام حسین، سب اکاؤنٹ آفیسر شوکت علی، کمپیوٹر آپریٹر داؤد رشید، آئی ٹی آفیسر حمل زاہد اور سپرنٹنڈنٹ حضور بخش سمیت دیگر عملہ موجود رہا۔ ماہرین نے شرکاء کو ای-بلنگ سسٹم، بجٹ سازی اور مالیاتی نظم و نسق کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
ورکشاپ کے شرکاء نے محکمہ خزانہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تربیتی پروگرام نہ صرف افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ سرکاری اداروں کے مالی نظام کو شفاف بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی فنڈز کے درست اور شفاف استعمال کے لیے جدید مالیاتی نظام وقت کی ضرورت ہے۔