تربت (گدروشیا پوائنٹ) لاپتہ افراد کے لواحقین نے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے درخواست پیش کی۔ لواحقین نے اس موقع پر کہا کہ ان کے عزیز طویل عرصے سے لاپتہ ہیں، جس کی وجہ سے وہ شدید ذہنی اذیت اور معاشرتی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے لواحقین کو یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے اور ان شاء اللہ جلد مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ “الحمدللہ ہماری کاوشوں سے کئی لاپتہ افراد اپنے گھروں کو بحفاظت لوٹ آئے ہیں، آپ بھی ہمت رکھیں، ان شاء اللہ آپ کے خاندان کے فرد کی واپسی بھی جلد ممکن ہوگی۔”
ڈپٹی کمشنر کی یقین دہانی پر لواحقین نے اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ حکومت اور انتظامیہ کی کوششوں سے ان کے پیارے بھی جلد اپنے گھروں کو واپس لوٹ آئیں گے۔

