گوادر(گدروشیا پوائنٹ) جماعت اسلامی ضلع گوادر کے ترجمان نے کہا ہے کہ شہری اداروں کو چاہیے کہ وہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ ایمرجنسی رسپانس کی صورتحال کو مزید بہتر بنائیں۔ کسی بھی ہنگامی موقع پر فائر بریگیڈ اور ایمبولینس کی آمد و رفت کے لیے گلی محلوں میں راستے کشادہ رکھے جائیں اور تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ 16 اور 17 اگست کی درمیانی شب ظہور شاہ ہاشمی وارڈ میں سابق نیشنل پارٹی رہنما مرحوم عبدالغفار ہوت کے گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی، جس کی بنیادی وجہ بجلی کے وولٹیج میں شدید اتار چڑھاؤ بتایا جاتا ہے۔ آگ لگنے کے بعد قریبی گھروں میں پانی کی ٹینکیوں میں پانی نہ ہونے کے باعث ابتدائی طور پر آگ پر قابو پانے میں مشکلات پیش آئیں۔
تاہم میونسپل کمیٹی کے کونسلر ثناءاللہ اور چیئرمین ماجد جوہر کے بروقت اقدامات سے آگ بجھانے کا عمل ممکن ہوا۔ ان کے ساتھ جی ڈی اے فائر بریگیڈ، یحییٰ واڈیلہ کی قیادت میں ٹیم، اور نیوی کا فائر بریگیڈ بھی موجود رہا اور بھرپور جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ ایسے ہنگامی مواقع پر میونسپل کمیٹی، فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کا باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔ انہوں نے گوادر کے رضاکار نوجوانوں کی کاوشوں کو بھی سراہا جنہوں نے مشکل وقت میں بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ واپڈا اور محکمہ آب رسانی کی ناقص کارکردگی شہر میں روزانہ پیش آنے والے احتجاج، امن و امان کے مسائل اور حادثات کی بڑی وجہ ہے، جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

