بلیدہ (گدروشیا پوائنٹ) بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل بلیدہ میں زرعی افسران، فیلڈ اسسٹنٹ اور زمیندار ایکشن کمیٹی بلیدہ زامران کی میٹنگ سوراپ بلیدہ میں منعقد ہوئی۔ جس میں زراعت سے متعلق مختلف مسائل زیرِ غور آئے۔ حکومت بلوچستان کی جانب سے زرعی زمینوں کی رجسٹریشن اور کسان کارڈ کے اجراء کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے زمینداروں پر مختلف شرائط عائد کی گئی ہیں۔ رجسٹریشن اور کسان کارڈ کے اجراء کے حوالے سے زمیندار کمیٹی کے عہدے داران کو معلومات فراہم کی گئیں۔ افسران نے زرعی زمینوں کے مسائل کے حل اور زمینداروں کو سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی کے عہدے داران زرعی زمینوں کی رجسٹریشن اور کسان کارڈ کے حوالے سے زمینداروں کو آگاہ کریں گے۔ کمیٹی کے عہدے داران نے زمینداروں کی ضروریات اور مختلف مسائل کی نشاندہی کی، جن کے حل کے لیے افسران نے بلیدہ کے زرعی فصلوں کی بیماریوں اور کاشتکاری کے حوالے سے وقتاً فوقتاً آگاہی پروگرام منعقد کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
زمیندار ایکشن کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ زمینداروں کے مسائل کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، زرعی افسران، سیکرٹری زراعت اور دیگر ذمّہ داران سے ملاقات کی جائے گی اور ان کے مسائل کی مزید نشاندہی کی جائے گی۔
اجلاس میں کمیٹی کے صدر حاجی نیاز احمد، کریم جان دل جان، عبد الرازق، حاتم بلوچ، بجار حمید اور ولید اسماعیل شریک تھے۔
اس حوالے سے محکمہ زراعت کے افسر بہرام بلوچ اور زمیندار ایکشن کمیٹی کے عہدیدار حاتم بلوچ نے گدروشیا پوائنٹ سے گفتگو کی۔

