حب: ریلی کراس 50 کلومیٹر آف روڈ ٹریک، ڈرائیورز اور بائیکرز کی دھماکہ خیز انٹری

حب (گدروشیا پوائنٹ)بلوچستان کے ساحلی شہر حب میں اس سال کا سب سے بڑا آف روڈ ایونٹ “حب ریلی کراس 2025” اتوار 17 اگست کو گڈانی کے ساحل پر منعقد ہوگا۔ رفتار، مہارت اور ایڈونچر سے بھرپور یہ مقابلہ ملک بھر کے ڈرائیورز، بائیکرز اور ہزاروں تماشائیوں کو اپنی طرف متوجہ کرے گا۔
اس موقع پر 50 کلومیٹر طویل آف روڈ ٹریک تیار کیا گیا ہے، جس میں 7 کلومیٹر کی ساحلی پٹی بھی شامل ہے۔ ملک کے نامور ریسنگ اسٹارز نادر مگسی، صاحبزادہ سلطان اور جیئند ہوت کی شرکت متوقع ہے جبکہ ڈرائیورز کی آمد کے ساتھ ریکی ڈرائیو کا سلسلہ جاری ہے۔
ایونٹ میں پرو، اسٹاک، لیڈیز اور ویٹرنز کیٹیگریز کے مقابلے ہوں گے۔ خاص طور پر اس بار پہلی بار الیکٹرک کارز کی کیٹیگری بھی شامل کی گئی ہے جو ریلی کا نیا اور دلچسپ پہلو ہوگا۔
حب ریلی کراس میں گاڑیوں کے ساتھ ساتھ 9 بائیکرز کلبز کے درمیان سنسنی خیز ریسز بھی شیڈول ہیں۔ ایونٹ آرگنائزرز کے مطابق تماشائیوں کے لیے خصوصی انکلوژر تیار کر لیا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی مکمل ہیں۔
فائنل مرحلہ 17 اگست کو ہوگا جس میں فاتحین کا اعلان کیا جائے گا۔ حب اور گڈانی کا ساحل ایک بار پھر اسپورٹس، ایڈونچر اور روایتی جوش و جذبے کا گواہ بننے جا رہا ہے۔