تربت (گدروشیا پوائنٹ)ایڈیشنل ڈویژنل ڈائریکٹر مکران ڈویژن صابر دانش نے ماڈل اسکول تربت کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسکول میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ صابر دانش نے اسکول عملے سے ملاقات کی اور تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اسکول لائبریری کا بھی وزٹ کیا، جہاں اساتذہ کرام کے لیے جاری تربیتی پروگرام میں شریک ضلع بھر کے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر انہوں نے بلوچستان ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام جاری ٹیچرز بھرتی کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور منتظمین کو ان کی کوششوں پر شاباش دی۔
بعد ازاں ایڈیشنل ڈویژنل ڈائریکٹر نے پرائمری سیکشن کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کو اطمینان بخش قرار دیا۔ انہوں نے پرنسپل اکبر اسماعیل اور ان کی ٹیم کی محنت و لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے ان کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ماڈل اسکول تربت تعلیمی میدان میں مزید کامیابیاں حاصل کرے گا اور خطے کے بچوں کو بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

