گوادر: سی ایم ایجوکیشنل اکیڈمی کی دس سالہ خدمات پر شاندار تقریب

گوادر(گدروشیا پوائنٹ)سی ایم ایجوکیشنل اکیڈمی پرائیویٹ اسکول گوادر نے دس سالہ تعلیمی خدمات مکمل ہونے پر شاندار تقریب منعقد کی، جس کی میزبانی پرنسپل استاد اصغر حسین نے کی۔ مہمانِ خصوصی میر عبدالغفور ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین میر ارشد کلمتی تھے، جبکہ معزز مہمانوں میں ایجوکیشن آفیسر وہاب مجید، حسن الاسلام، گوادر گرامر اسکول کے پرنسپل ناصر سہرابی، دارالعلوم ہائی اسکول کے محمد قاسم، دی اویس اسکول کے سر حنیف، فش فیکٹری کے ناگمان عبدل، پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے صدر جمیل قاسم، اسماعیل عمر، یونس حسین اور علی عاقب شامل تھے۔
والدین اور طلبا کی بڑی تعداد شریک ہوئی، بچوں نے تعلیم اور بچیوں کی تعلیم پر ٹیبلو و ڈرامے پیش کیے جنہوں نے حاضرین کو متاثر کیا۔ مقررین نے استاد اصغر حسین کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ پرائیویٹ اسکولز گوادر میں معیاری تعلیم فراہم کر کے سرکاری اداروں کا بوجھ بانٹ رہے ہیں۔ والدین سے اپیل کی گئی کہ وہ تعلیمی سرگرمیوں میں بھرپور دلچسپی لیں۔ نظامت کے فرائض فیصل علی نے انجام دیے۔
آخر میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبا اور مہمانوں کو شیلڈز دی گئیں جبکہ استاد اصغر حسین نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ضیافت کا اہتمام کیا۔