گوادر(گدروشیا پوائنٹ) ڈی آئی جی مکران پرویز عمرانی کی معروف سیاسی و سماجی رہنماء میر فدا حکیم رند کی رہائش گاہ رند ہاؤس گھٹی ڈور میں تشریف لائے۔ انہوں نے میر فدا حکیم رند کی ہمشیرہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت، بلند درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی اس موقع پر ڈی آئی جی مکران اور میر فدا حکیم رند کے درمیان گوادر میں قیام امن، منشیات کے خاتمے، جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں اور پولیس کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی ہوا۔ میر فدا حکیم رند نے مکران میں منشیات کے خلاف جاری پولیس آپریشن، سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں اور جرائم کی روک تھام کیلئے پولیس کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ گوادر سمیت مکران میں موجودہ امن و امان کی فضا پولیس کی موثر حکمت عملی اور قیادت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی پرویز عمرانی کی قیادت میں پولیس نے مختصر عرصے میں جو اعتماد عوام میں بحال کیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پولیس اسی جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ کام جاری رکھے گی تاکہ گوادر اور مکران کو ایک پرامن، محفوظ اور ترقی یافتہ شہر بنایا جا سکے۔

