تربت: شکایات اور احتجاج کے بعد لیویز فورس کا ڈی بلوچ ٹول پلازہ مسمار

تربت(گدروشیا پوائنٹ)انجمن تاجران کیچ اور آل پارٹیز کیچ کی شکایات اور احتجاجی تنبیہ کے بعد لیویز فورس نے ڈی بلوچ کے مقام پر قائم ٹول پلازہ کو مسمار کر دیا۔ اس کارروائی میں لیویز اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر ٹول پلازہ کا ڈھانچہ ہٹا دیا اور ٹریفک کی روانی بحال کر دی۔
انجمن تاجران اور آل پارٹیز کیچ نے انتظامیہ کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پہلے ہی گوادر زیرو پوائنٹ پر ٹول فیس ادا کر رہے ہیں، اس کے بعد مزید ٹول پلازہ قائم کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ انجمن تاجران کیچ نے کہا تھا کہ اگر فوری طور پر ٹول پلازہ ختم نہ کیا گیا تو وہ احتجاجاً ہڑتال کرنے پر مجبور ہوں گے۔
لیویز فورس کے مطابق یہ کارروائی انجمن تاجران، آل پارٹیز کیچ اور عوام کی مسلسل شکایات پر عمل میں لائی گئی۔ حکام کا کہنا تھا کہ ٹول پلازہ ایک ایسے مقام پر بنایا گیا تھا جو پہاڑوں کے درمیان اور پہلے ہی تنگ سڑک پر واقع تھا۔ اس کے باوجود سڑک کو وسیع کرنے یا مرمت کے لیے کوئی کام نہیں کیا جا رہا تھا، بلکہ منتظمین فی پیک اَپ گاڑی سے 300 روپے وصول کر کے محض پیسے بٹور رہے تھے۔
عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور لیویز فورس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ناجائز ٹول پوائنٹس عوام پر مالی بوجھ ڈالنے کے ساتھ ساتھ تجارتی سرگرمیوں میں بھی رکاوٹ کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں موجود دیگر غیر قانونی ٹول پوائنٹس کے خلاف بھی اسی طرح کی فوری کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو غیر ضروری اخراجات اور مشکلات سے نجات مل سکے۔