گوادر: سیکریٹری پی ایچ ای محمد ہاشم غلزئی کا سید ظہور شاہ ہاشمی ڈیجیٹل لائبریری کا دورہ

گوادر(گدروشیا پوائنٹ) گوادر سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد ہاشم غلزئی نے سید ظہور شاہ ہاشمی ڈیجیٹل لائبریری کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا۔ ان میں خواتین ریڈنگ ہال جو وزیرِاعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے نام سے منسوب ہے فیمیل ڈیجیٹل لیب، میل ریڈنگ ہال جو وزیرِاعلیٰ کے والد میر عبدالقادر بگٹی کے نام پر ہے — میل ڈیجیٹل لیب، سی ایس ایس ہال اور بچوں کا ریڈنگ ہال شامل ہیں دورے کے دوران محمد ہاشم غلزئی نے کتابوں کا مطالعہ بھی کیا اور مطالعہ، لائبریریوں اور علم کے فروغ سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ جدید اور سہولیات سے آراستہ لائبریری گوادر کے عوام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں، کیونکہ اب ان کے دروازے پر علم کا خزانہ موجود ہے۔
سیکریٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے ڈپٹی کمشنر حمود الرحمٰن کی کتاب دوستی اور علم دوستی کی کاوش کو بھرپور سراہا اور کہا کہ یہ گوادر کے عوام کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس لائبریری کی حفاظت کو یقینی بنائیں تاکہ یہ علمی سرمایہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی برقرار رہے۔ اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر پی ایچ ای مومن بلوچ،اسسٹنٹ سعد کلیم ظفر ،انجینئر کریم بلوچ اور انجینئر ساجد سختی بھی موجود تھے۔