تربت: میئر بلخ شیر قاضی کی ہدایت پر شہر کی صفائی مہم جاری

تربت(گدروشیا پوائنٹ) میئر میونسپل کارپوریشن تربت بلخ شیر قاضی کی ہدایت پر شہر میں جاری خصوصی صفائی مہم کو مرحلہ وار مضافاتی علاقوں تک توسیع دی جا رہی ہے۔ چیف آفیسر شعیب ناصر کی زیر نگرانی یہ مہم اس وقت شہر کے مختلف حصوں میں جاری ہے، جس کے دوران سڑکوں، گلیوں اور عوامی مقامات سے کچرا اور ملبہ اُٹھایا جا رہا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں مرکزی علاقوں میں صفائی کے بعد اب یہ مہم کوشقلات، شاہی تمپ اور چاہ سر سمیت دیگر مضافاتی علاقوں تک پھیلائی جائے گی، تاکہ شہر اور گردونواح کا ماحول صاف و شفاف بنایا جا سکے۔
چیف آفیسر شعیب ناصر نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کا عملہ پوری جانفشانی کے ساتھ صفائی کے کام میں مصروف ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھی صفائی مہم میں تعاون کریں اور کچرا مقررہ مقامات پر ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ مہم کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا تاکہ تربت شہر کی خوبصورتی اور صحت مند ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔