تربت (گدروشیا پوائنٹ) ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی ہدایت پر تربت میں آئندہ ماہ منعقد ہونے والے آرٹس اینڈ کلچر گالہ کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں یونیورسٹی آف تربت کے کانفرنس روم میں ایک اہم مشاورتی اجلاس ہوا، جس کی صدارت انسٹیٹیوٹ آف بلوچ لینگوئج اینڈ کلچر (IBLC) کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور بلوچ نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر کیچ خود موجود تھے۔
اجلاس میں آئی بی ایل سی کے پروفیسر طاہر حکیم، ڈاکٹر رؤف راز، گورنمنٹ عطاشاد ڈگری کالج کے پرنسپل پروفیسر امان اللہ بلوچ، گرلز کالج تربت کی پرنسپل میڈم گل جان خالد، بلوچستان اکیڈمی تربت کے چیئرمین غفور شاد، سابق چیئرمین عبید شاد، یونیورسٹی آف تربت کے رجسٹرار گنگزار بلوچ، کیمپس کوآرڈی نیٹر غوث بخش بزنجو اور تربت پریس کلب کے فنانس سیکرٹری مقبول ناصر سمیت مختلف تعلیمی، ادبی اور ثقافتی اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔
تربت پریس کلب کے فنانس سیکرٹری مقبول ناصر نے گالہ کا ابتدائی خاکہ پیش کرتے ہوئے پروگرامز اور سیگمنٹس کی تفصیل بیان کی اور کہا کہ اس میں مزید تجاویز و ترامیم شامل کی جا سکتی ہیں۔ شرکاء نے مختلف حصوں کے حوالے سے اپنی تجاویز دیں اور اس بات پر اتفاق کیا کہ آئندہ اجلاس تک گالہ کے تمام پروگرامز کو حتمی شکل دے دی جائے تاکہ تیاریوں کا باضابطہ آغاز کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے کہا کہ آرٹس اینڈ کلچر گالہ کا مقصد مقامی فنون اور ثقافت کو فروغ دینا اور نوجوان نسل کو اپنی روایات سے جوڑنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گالہ میں فنونِ لطیفہ، روایتی موسیقی، ہنر مندی کے مظاہرے اور ثقافتی دستکاریوں کی نمائش شامل ہو گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ گالہ آئندہ ماہ ایک بڑے اور مؤثر ثقافتی ایونٹ کے طور پر منعقد کیا جائے گا، جس میں عوام کی بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے گی۔

