تربت: گومازی میں گولہ گرنے سے 12 سالہ بچہ جاں بحق، تین زخمی ایف سی کی جانب سے ایک وضاحتی بیان

تربت(گدروشیا پوائنٹ) تمپ کے علاقے گومازی میں پیر کی شام کو نامعلوم سمت سے گولہ ابادی میں گرنے سے ایک 12 سالہ لڑکا محمد بلوچ ولد عبدالغفور جاں بحق جبکہ تین لڑکے زخمی ہوگئے جو مدرسے سے سپارہ اور قرآن شریف پڑھنے کے بعد واپس گھر جارہے تھے۔ جبکہ ایف سی کی جانب سے ایک وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ
11 اگست 2025 کو شام 6 بج کر 40 منٹ پر فتنۂ الہندوستان کے دہشت گردوں نے سول آبادی میں چھپ کر گومازی تمپ میں ایف سی پوسٹ پر حملے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی میں ڈرون کا استعمال کیا۔ تاکہ صرف دہشت گردوں کے اصل ٹھکانوں کا سراغ لگایا جا سکے اور شہری آبادی کو محفوظ رکھتے ہوئے انہیں براہِ راست نشانہ بنایا جا سکے۔ فورسز کی جوابی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد زخمی ہوا جبکہ دیگر دہشت گرد شینکن کی سمت پسپائی اختیار کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ فرار ہوتے ہوئے دہشت گردوں کا تعاقب کرنے کے لیے کواڈ کاپٹر بھی استعمال کیا گیا۔
دہشت گردوں نے اس حملے میں مختلف ہتھیار، جن میں رائفلز اور راکٹ لانچرز شامل تھے، استعمال کیے۔ گنجان آباد علاقے میں اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں راکٹ اور گولیاں گھروں پر جا لگیں، جس کے باعث 11 سالہ معصوم بچہ محمد ولد عبدالغفور، ساکن گومازی شہید ہوگیا، جبکہ عبداللہ ولد فہد اور فاضل ولد فیصل ساکن گومازی زخمی ہوئے۔ معصوم جان کا یہ ضیاع، فتنۂ ہند دہشت گردوں کی بزدلانہ اور ظالمانہ کارروائیوں کا نتیجہ ہے، جو عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے معصوم شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ایسے دہشت گرد عناصر کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھا جائے گا۔