تربت:ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کا گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول تربت کا تفصیلی دورہ

تربت(گدروشیا پوائنٹ) ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے گورنمنٹ بوائز ماڈل سکول تربت کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے اسکول کے مختلف کلاسز کا باری باری معائنہ کیا اور طلباء سے ان کے مسائل براہِ راست سنے۔ طلباء کی مشکلات جان کر ڈی سی نے ان کے مسائل حل کرنے کے لیے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور فوری اقدامات اٹھانے کا وعدہ کیا۔ اس موقع پر طلباء نے تعلیم، سہولیات اور دیگر مسائل بیان کیے جن میں خاص طور پر لائبریری کی بک شیلف کی کمی، پرائمری سیکشن کے کلاسز کی حالت بہتر بنانے، طلباء کے لیے مناسب چیئرز کی فراہمی اور اسکول کے واش رومز کی خرابی شامل تھی۔ ان مسائل کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ نے لائبریری کے لیے مناسب بک شیلفز فراہم کرنے کی یقین دھانی کی تاکہ طلباء کتب کی آسان دستیابی حاصل کر سکیں۔ اسی طرح پرائمری سیکشن کے کلاسز کے بہتر ماحول کے لیے ضروری اصلاحات کی منظوری دی گئی۔ طلباء کی نشستوں کے لیے نئے اور معیاری چیئرز فراہم کیے جائیں گے تاکہ تعلیمی عمل میں انہیں آسانی ہو جو کہ اس وقت پرائمری سیکشن کے طلباء بغیر کرسی کے فرش پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ اسکول کے 6 خراب شدہ واش رومز کی مرمت کا بھی اعلان کیا گیا تاکہ طلباء کے لیے صفائی اور حفظان صحت کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔ سٹی پروجیکٹ کیچ کے تحت بننے والی ماڈل ہائی سکول تربت کے فٹ بال گراؤنڈ کو جلد ازجلد مکمل کرنے کیلئے سائیٹ پر موجود انجینئر سٹی پروجیکٹ یاسر تحسین انجینئر زاہد اور انکی ٹیم کو ھدایت دی کہ ٹھیکیدار کو پوری طور پر میرے دفتر حاضر ہونے کی اطلاع دیں تاکہ اسکول ہذا کے نامکمل کام بروقت پایہ تکمیل تک پہنچ جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تعلیم کے میدان میں بہتری ہماری اولین ترجیح ہے اور اسکول کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ طلباء کو معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ اور اساتذہ سے کہا کہ وہ طلباء کی فلاح و بہبود کے لیے مل کر کام کریں اور مسائل کے حل کے لیے مستقل رابطے میں رہیں۔ دورے کے اختتام پر اسکول کے انتظامی عملے اور اساتذہ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے جناب ڈپٹی کمشنر کو مستقبل میں بھی اس قسم کے دورے جاری رکھنے اور طلباء سے براہِ راست رابطہ میں رہنے کا مشورہ دیا تاکہ تعلیمی معیار کو مزید بلند کیا جا سکے۔
اس دورے کے نتیجے میں گورنمنٹ بوائز ماڈل سکول تربت کی تعلیمی و انتظامی صورتحال میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے اور آنے والے دنوں میں ان اقدامات کے عملی نفاذ سے طلباء کی تعلیمی زندگی میں مثبت تبدیلی آئے گی۔