تربت: یوم آزادی کی تیاریوں پر ڈی سی کیچ کی زیر صدارت اہم اجلاس

تربت(گدروشیا پوائنٹ)ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی زیر صدارت 14 اگست یوم آزادی کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس تربت میں منعقد ہوا، جس میں تمام سرکاری محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ، اسٹنٹ کمشنر دشت شیہک حیات، پی ڈی ایم مکران ڈویژن کے ڈائریکٹر ریحان دشتی سمیت دیگر سرکاری افسران موجود تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیچ نے کہا کہ اس سال ضلع کیچ میں یوم آزادی بھرپور قومی جوش و جذبے اور بڑی شان و شوکت کے ساتھ منایا جائے گا، جس میں ہر شہری کو بھرپور شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ تقریبات کو کامیاب بنانے کے لیے اپنے اپنے شعبوں میں بھرپور تیاری کریں تاکہ یہ دن یادگار بن سکے۔
ڈی سی کیچ نے کہا کہ 14 اگست کے موقع پر اسکولوں اور کالجوں میں خصوصی تقریبات، پرچم کشائی، ملی نغموں کے مقابلے، تقریری پروگرام اور دیگر سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی تاکہ نوجوان نسل میں حب الوطنی، قومی یکجہتی اور شعور کو فروغ دیا جا سکے۔ اس موقع پر مختلف محکموں کے سربراہان نے اپنے اپنے شعبوں میں کی جانے والی تیاریوں کے حوالے سے تجاویز اور اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی مرکزی شاہراہوں، عوامی مقامات، سرکاری عمارتوں اور دفاتر کو قومی پرچم، جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجایا جائے گا، جبکہ ہر سرکاری دفتر پر پرچم لہرایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کے افسران کو خصوصی ہدایت دی کہ اپنے دفاتر پر رنگ برنگی لائٹس نصب کریں اور پرچم کشائی کے ذریعے قومی دن کو جوش و جذبے سے منائیں۔
14 اگست کے دن پرچم کشائی کا پروگرام منعقد ہوگا اور قومی یکجہتی کے اظہار کے لیے واک کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر کیچ نے تمام محکموں کے ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ ان تقریبات میں اپنی شرکت کو ہر صورت یقینی بنائیں۔