گواد(گدروشیا پوائنٹ) کمشنر مکران قادر بخش پرکانی نے ضلع گوادر میں پانی کی فراہمی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے مرکزی سپلائی ایئرپورٹ پمپنگ اسٹیشن، واٹر اسٹوریج پوائنٹس اور شہر کے واٹر ورکس پمپنگ اسٹیشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو انجینیئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مومن بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور، انجینئر ساجد سخی، جی ڈی اے کے انجینئر اکبر بلوچ اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران ایگزیکٹو انجینیئر پی ایچ ای نے کمشنر مکران کو خشک سالی کے باعث درپیش پانی کے بحران، موجودہ سپلائی سسٹم، مختلف واٹر ٹینکس، مین سورسز اور متبادل ذرائع کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے گوادر شہر کو پانی کی فراہمی میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، جی ڈی اے اور ایریگیشن ڈپارٹمنٹ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ اس کے ساتھ حال ہی میں گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین نورالحق بلوچ کی کاوشوں سے ڈیسالینیشن پلانٹ کو قلیل مدت میں فعال کرنے کا بھی ذکر کیا، جو روزانہ چار سے پانچ لاکھ گیلن پانی شہر کو فراہم کر رہا ہے، جس سے پانی کی قلت پر مؤثر طور پر قابو پایا جا رہا ہے۔ ایگزیکٹو انجینیئر نے بجلی کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا، جس پر کمشنر مکران نے یقین دہانی کرائی کہ ایئرپورٹ پمپنگ اسٹیشن کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لیے فوری احکامات جاری کیے جائیں گے۔ بعد ازاں، کمشنر مکران نے ڈیسالینیشن واٹر ٹینک اور جی ڈی اے واٹر ٹینک کا بھی معائنہ کیا۔

