پسنی(گدروشیا پوائنٹ)نعیم یاسین کرکٹ اسٹیڈیم پسنی میں ہونے والے ڈسٹرکٹ ناک آؤٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل اورماڑہ کرکٹ کلب نے جیت لیا۔ فائنل میں اورماڑہ نے پسنی اے کرکٹ کلب کو دلچسپ مقابلے کے بعد شکست دی۔
پسنی اے کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ان کے باؤلرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اورماڑہ کو 20 اوورز میں 130 رنز پر آل آؤٹ کر دیا۔ تاہم ہدف کے تعاقب میں پسنی اے کی بیٹنگ لائن دباؤ میں آ گئی اور ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
میچ کے مہمانِ خصوصی سٹی چیئرمین پسنی نور احمد کلمتی تھے، جنہوں نے اختتامی تقریب میں ٹورنامنٹ کمیٹی کے لیے 50 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا۔ تقریب میں بانی اسٹیڈیم نعیم یاسین، نیشنل پارٹی کے محسن بھٹو، ابوالخیر حکیم چیف اور دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔
اختتام پر پاک فوج کے بریگیڈیئر اسجد بلوچ نے ونر اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافیاں اور کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا۔ شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی، جنہوں نے کرکٹ کے فروغ میں تحصیل کرکٹ ایسوسی ایشن اور نعیم یاسین کی خدمات کو سراہا۔

