تربت (گدروشیا پوائنٹ) تربت اور اس کے مضافاتی علاقوں میں جمعرات کی شام زلزلے کے ہلکے مگر واضح جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کے بعد کئی علاقوں کے لوگ گھبرا کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ مقامی لوگوں کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں سے متعدد گھروں کی دیواروں میں معمولی دراڑیں بھی پڑ گئیں، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.8 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز تربت سے تقریباً 40 کلومیٹر شمال مغرب کی سمت تھا، جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 34 کلومیٹر بتائی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات اور متعلقہ ادارے ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر رہے ہیں۔

