تربت (گدروشیا پوائنٹ) تربت بس و کوچز ٹرانسپورٹ یونین مکران کے نائب صدر رفیق قاضی نے اپنے جاری کردہ مذمتی بیان میں نوجوان صحافی اور گدروشیا پوائنٹ کے چیف ایگزیکٹو سرفراز شاہ کی کوئٹہ میں گرفتاری پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف کرایہ داری فارم جمع نہ کرنے جیسے معمولی نوعیت کے معاملے پر ایف آئی آر درج کرکے صحافی کو گرفتار کرنا نہ صرف آزادی صحافت کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ صحافیوں کو ہراساں کرنے کے تسلسل کا حصہ معلوم ہوتا ہے۔
رفیق قاضی نے کہا کہ کوئٹہ پولیس کا یہ رویہ قابلِ افسوس اور ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے بروری تھانے کے ایس ایچ او اور ڈیوٹی آفیسر کی فوری معطلی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف صحافت کا وقار مجروح ہو رہا ہے بلکہ عوامی اعتماد بھی متاثر ہو رہا ہے۔ یاد رہے کہ سرفراز شاہ جو تربت سے تعلق رکھتے ہیں، صحافتی میدان میں متحرک اور گدروشیا پوائنٹ چینل کے سربراہ ہیں۔ ان کی گرفتاری پر مکران کے صحافتی، کاروباری اور سماجی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

