تربت:یونیورسٹی آف تربت میں یومِ استحصالِ کشمیر منایا گیا

تربت(گدروشیا پوائنٹ)یونیورسٹی آف تربت میں یومِ استحصالِ کشمیر منایا گیا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، فیکلٹی، طلبہ اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز ایک منٹ کی خاموشی سے ہوا۔ مقررین نے 5 اگست 2019 کو بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں، بھارتی آئین اور کشمیری عوام سے کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔
ڈاکٹر گل حسن اور دیگر مقررین نے بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی پامالی، اور مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوششوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ جنوبی ایشیا کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔
اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کی پرامن جدوجہدِ آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔