گوادر(گدروشیا پوائنٹ)ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان اور بلال کنسٹرکشن کمپنی کے مالک حاجی یعقوب عبدالرحمان نے وارڈ نمبر 6 کے ریت متاثرین کا ایک دیرینہ اور سنگین مسئلہ حل کر دیا ہے، جس پر علاقے کے عوام نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ریتیلے ملبے اور تجاوزات کے باعث متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو کئی سالوں سے مشکلات کا سامنا تھا، جن میں زمین سے بے دخلی، گھروں کو نقصان، اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی جیسے مسائل شامل تھے۔ عوامی مطالبات اور مقامی رہنماؤں کی کوششوں کے نتیجے میں بالآخر مستانی ریت کو ہٹانے کا کام باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں چند روز قبل ایم پی اے کے پرسنل سیکریٹری وسیم صمد نے حاجی یعقوب عبدالرحمان کے ہمراہ ریت متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ اس ملاقات میں مقامی رہنماؤں اور تنظیموں نے بھی بھرپور کردار ادا کیا، جن میں جمعیت علمائے اسلام پسنی کے رہنما ظہور احمد، ترقی دو پینل کے میر دلمراد، بلوچستان پروگریسیو سوسائٹی کے تحصیل صدر عاقل منیر، پاک 99 اور گدرویشیا نیوز ٹیم شامل ہیں۔
عوامی خدمت کی اس کاوش پر ریت متاثرین نے ایم پی اے گوادر اور حاجی یعقوب عبدالرحمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف ان کی زندگیوں میں بہتری آئے گی بلکہ علاقے میں ترقی و خوشحالی کے نئے دروازے بھی کھلیں گے۔

