گوادر:خشک سالی سے کلانچ کے عوام شدید متاثر مستقل حل کے لیے بورنگ کا مطالبہ

گوادر(گدروشیا پوائنٹ)کلانچ کے علاقے میں جاری خشک سالی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے شدید پانی کے بحران کے حوالے سے کلانچ کے ایک نمائندہ وفد نے میر ندیم بلوچ کی قیادت میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں یونین کونسل کلگ کے چیئرمین ظفر بلوچ، عبدالغفار سمیت دیگر معززین شامل تھے۔ ملاقات کے دوران وفد نے کلانچ میں پانی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر گوادر اس اہم مسئلے کو فوری طور پر اعلیٰ حکام تک پہنچائیں تاکہ کلانچ کے عوام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا سکیں۔ وفد کا کہنا تھا کہ علاقے کے لوگ ایک گھنٹہ بھی پانی کے بغیر گزارنا دشوار سمجھتے ہیں۔
وفد نے زور دے کر کہا کہ ھور کلانچ کے کچھ علاقوں میں بورنگ کے ذریعے پانی دستیاب ہے، اس لیے اعلیٰ سطح پر اقدامات کر کے بورنگ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ ھور کلانچ اور اس کے گرد و نواح کے لوگوں کو مستقل بنیادوں پر پانی فراہم ہو سکے، کیونکہ ٹینکروں کے ذریعے پانی کی فراہمی محض عارضی حل ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ فوری طور پر ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ مومن بلوچ سے ملاقات کر کے اس سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی لائحہ عمل مرتب کریں گے۔