تربت:ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی انسدادِ اسمگلنگ اور منشیات کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری

تربت(گدروشیا پوائنٹ) ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی جانب سے جنوبی بلوچستان میں اسمگلنگ اور منشیات کے خلاف مؤثر کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد نہ صرف ملکی معیشت کو غیر قانونی کاروبار سے محفوظ بنانا ہے بلکہ معاشرے کو منشیات جیسی خطرناک لعنت سے بھی پاک کرنا ہے۔
جولائی 2025 کے دوران ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے مختلف علاقوں میں 38 کامیاب آپریشنز کیے، جن کے دوران 570 ملین روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان برآمد کر کے کسٹمز حکام کے حوالے کیا گیا۔ ضبط کیے گئے سامان میں ایرانی گاڑیاں، ٹائر، گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس، سائیکلیں، یوریا کھاد، سیمنٹ، گٹکہ، تیل، چینی اور دیگر اشیائے خورونوش شامل تھیں۔
اسی طرح 32 ملین روپے مالیت کی منشیات، جن میں چرس، افیون، ہشیش اور نشہ آور ادویات شامل ہیں، بھی قبضے میں لے کر انٹی نارکوٹکس فورس (ANF) کے حوالے کی گئیں۔ ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ صوبے میں غیر قانونی اسمگلنگ اور منشیات کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھے گی۔