تربت(گدروشیا پوائنٹ) آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) میجر جنرل بلال سرفراز خان نے ضلع کیچ سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت اور پیشہ ور خواتین سے ایک اہم ملاقات کی۔ جس کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا، سماجی شمولیت کو فروغ دینا اور مقامی ترقی میں خواتین کے مؤثر کردار کو اجاگر کرنا تھا۔ اس ملاقات میں سابق رکنِ صوبائی اسمبلی ماہ جبین شیران سمیت مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی نمایاں خواتین نے شرکت کی جن میں ڈاکٹرز، محققین، سوشل میڈیا ایکٹویسٹ اور اساتذہ شامل تھیں۔ آئی جی میجر جنرل بلال سرفراز خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی میں خواتین کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور ان کی شرکت کے بغیر ترقی کا خواب ادھورا ہے۔ ملاقات میں علاقائی صورتِ حال کے ساتھ ساتھ خواتین کو درپیش مسائل جیسے تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر سماجی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی جی ایف سی نے خواتین کی سماجی فلاح، تعلیم و صحت کے میدان میں سرگرمیوں اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی خواتین نہ صرف باصلاحیت اور باہمت ہیں بلکہ وہ معاشرے میں مثبت تبدیلی کی علامت بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ شرکاء نے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی جانب سے امن و امان کے قیام اور فلاحی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا، اور اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی ایسے تعمیری مکالمے اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

