تربت:فن و ثقافت کے فروغ کے لیے میونسپل کارپوریشن سرگرم

تربت(گدروشیا پوائنٹ) میونسپل کارپوریشن کے میئر بلغ شیر قاضی کو ایک خوبصورت اور یادگار لمحے میں معروف مقامی آرٹسٹ شریف قاضی نے اُن کا ہاتھ سے بنایا ہوا تصویری اسکیچ بطور تحفہ پیش کیا۔ اس موقع پر میونسپل کارپوریشن کے دفتر میں پیش کیا ۔
شریف قاضی اپنے فنِ مصوری میں خاص مقام رکھتے ہیں، انہوں نے نہایت نفاست اور مہارت سے میئر بلغ شیر قاضی کا پورٹریٹ تیار کیا تھا جو کہ نہ صرف ان کی شخصیت کی عکاسی کرتا ہے بلکہ مقامی آرٹ کے فروغ کا بھی ایک شاندار نمونہ ہے۔ تصویری اسکیچ میں میئر صاحب کو نہایت پروفیشنل انداز میں پیش کیا گیا ہے جس سے اُن کے عوامی اعتماد اور قیادت کی جھلک نمایاں ہے۔
اس موقع پر میئر تربت بلغ شیر قاضی نے شریف قاضی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ مقامی آرٹسٹ نے اتنے جذبے اور محبت سے یہ تصویر تیار کی۔ یہ تحفہ میری زندگی کا ایک قیمتی اثاثہ بنے گا اور میں فنکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن کوشش کرتا رہوں گا۔
میئر نے مزید کہا کہ تربت میں موجود نوجوان فنکاروں کو اگر مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ عالمی سطح پر اپنے فن کا لوہا منوا سکتے ہیں۔ انہوں نے تربت میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مقامی فن و ثقافت کے فروغ کے لیے آئندہ اقدامات کا عندیہ بھی دیا۔
شریف قاضی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے یہ اسکیچ خلوصِ دل سے تیار کیا ہے اور یہ اُن کی طرف سے میئر کے لیے عقیدت و محبت کا اظہار ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مقامی سطح پر فن و ثقافت کے ادارے قائم کرکے نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکتا ہے۔