تربت:فن و ثقافت کے فروغ کیلئے چھ روزہ آرٹ ورکشاپ جاری

تربت(گدروشیا پوائنٹ) فن و ثقافت کے فروغ کیلئے کمشنر مکران ڈویژن قادربخش پرکانی کے تعاون سے “انٹروڈکشن ٹو آرٹ” کے عنوان سے چھ روزہ آرٹ ورکشاپ کا آغاز کیچ کلچر اینڈ میوزیم کمپلیکس تربت کے ہال میں آج دوسرے روز بھی جاری رہا۔ورکشاپ میں تربت سمیت مکران کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین آرٹسٹس، طلباء و طالبات نے شریک ہیں۔ ورکشاپ میں پینٹنگ، ڈرائنگ، واٹر کلر، آئل پینٹ اور دیگر بنیادی فنونِ لطیفہ کی عملی تربیت دی جا رہی ہے۔

ورکشاپ کا ایک خاص پہلو آن لائن سیشنز ہیں، جن میں لاہور سمیت دیگر شہروں کے معروف فنکاروں نے بلوچستان کے نوجوانوں کو آن لائن لیکچرز دیے۔
اس پروگرام کے منتظمین میں پنجاب یونیورسٹی کے طلباء کاشف عابد اور شیہک نور کے ساتھ ساتھ نیشنل کالج آف آرٹس کے پروڈکٹس ڈیزائنر رضا در محمد شامل ہیں، جبکہ کیچ کلچر سینٹر کے زباد بلوچ ورکشاپ کی سہولت کاری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
شرکاء کا کہنا ہے کہ اس قسم کی ورکشاپس نہ صرف ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارتی ہیں بلکہ تربت جیسے علاقوں میں آرٹ کے فروغ کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہیں۔