گوادر: اسسٹنٹ کمشنر سعد کلیم ظفر کا اسپتالوں کا دورہ سہولیات کا جائزہ

گوادر (گدروشیا پوائنٹ) اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر نے اتوار کے روز شہر کے مختلف اسپتالوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے انڈس اسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال گوادر کی ایمرجنسی وارڈز کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ایمرجنسی وارڈز میں دستیاب طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، عملے کی حاضری اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے داخل مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے متعلق دریافت کیا اور مریضوں سے براہِ راست سوالات بھی کیے۔ انہوں نے موجود ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو ہدایت کی کہ مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں اور علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر کسی بھی اسپتال کے عملے کے خلاف شکایت موصول ہوئی تو متعلقہ اہلکار کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی، حتیٰ کہ بغیر نوٹس کے معطلی یا برخاستگی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر سعد کلیم ظفر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گوادر میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ مزید متحرک کردار ادا کرے گی۔