مسلح افراد کی فائرنگ سے سولر سسٹم اور بیٹری کو نقصان

تمپ (گدروشیا پوائنٹ) ضلع کیچ کی تحصیل تمپ کے علاقے پھل آباد میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے جاز کمپنی کے موبائل ٹاور پر حملہ کر دیا۔ حملہ آور چاردیواری پھلانگ کر اندر داخل ہوئے اور فائرنگ کرتے ہوئے ٹاور پر نصب سولر سسٹم اور بیٹری کو شدید نقصان پہنچایا۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد دو تھی، جو ایک موٹر سائیکل پر سوار ہو کر آئے اور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ فائرنگ سے ٹاور کی پاور سپلائی متاثر ہوئی، جس کے باعث علاقے میں موبائل سگنلز میں خلل پیدا ہو گیا ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کر لیے ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تاحال حملے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔ اطلاع کے مطابق مقامی افراد نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیلی کمیونیکیشن انفرا اسٹرکچر کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں.