کراچی (گدروشیا پوائنٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالرؤف رند نے تربت کے ایک معزز اور معروف خانوادے کے چشم و چراغ، ممتاز معالج ڈاکٹر منور ریاض کی ناگہانی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی اچانک رحلت کی خبر سن کر دل بے حد افسردہ ہے، ڈاکٹر منور ریاض ایک نہایت مہذب، بااخلاق، فرض شناس اور انسان دوست شخصیت کے حامل تھے، ان کی پیشہ ورانہ خدمات، خصوصاً سول ہسپتال مسلم باغ میں ایم ایس اور قلعہ سیف اللہ میں ڈپٹی ڈی ایچ او کے طور پر ان کا کردار انتہائی مثالی رہا، جہاں انہوں نے دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کی، میر عبدالرؤف رند نے مزید کہا کہ مرحوم ایک باوقار اور علمی خانوادے سے تعلق رکھتے تھے، جن کے والد محترم ریاض احمد رئیس (سابق چیف انجینئر پی ایچ ای بلوچستان)، نہ صرف ایک قابل اور دیانت دار افسر تھے بلکہ تربت کے سماجی اور علمی حلقوں میں بھی ان کا بلند مقام ہے، اس خاندان کے میرے والد محترم
مرحوم میر محمد علی رند کے ساتھ دیرینہ، قریبی اور برادرانہ تعلقات رہے ہیں، جو آج بھی باہمی محبت اور احترام کی بنیاد پر قائم ہیں، یہ خاندان شرافت اور دیانت میں اپنی مثال آپ ہے، مرحوم کے والد محترم ریاض احمد رئیس، بھائی مسعود احمد اور دیگر اہل خانہ، عزیز واقارب کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے میر عبدالرؤف رند نے دعا کی کہ اللہ رب العزت مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو یہ عظیم صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین ثم آمین۔

