ڈاکٹر شلی بلوچ اور دیگر ساتھی رہا ہوکر گھر پہنچ گئیں، ترجمان بلوچ ویمن فورم

تربت/گوادر (گدروشیاپوائنٹ) ڈاکٹر شلی بلوچ اور دیگر ساتھی رہا ہوکر گھر پہنچ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق، بلوچ ویمن فورم کی مرکزی ترجمان نے جاری بیان میں کہاہے کہ بی ڈبلیو ایف کی مرکزی آرگنائزر ڈاکٹر شلی بلوچ دیگر تین تنظیمی سنگتوں کے ساتھ رہا ہو کر اپنے گھر واپس پہنچی ہیں۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر شلی بلوچ اور ساتھیوں کو گوادر کے علاقے سربندن سے پولیس نے گرفتار کرکے ویمن تھانہ منتقل کیا جبکہ پھر گوادر سے تربت منتقل کیا۔ ایس ایس پی گوادر نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ ڈاکٹر شلی بلوچ اور اُن کی ساتھیوں کی گرفتاری گوادر شہر میں مختلف مقامات پر ریاست مخالف پمپیلٹ اور وال چاکنگ کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ ترجمان نے کہاہے کہ ہم اداروں کے اس عمل کی مذمت کرتے ہیں جنہوں نے اپنے اختیارات کا ضرورت سے زیادہ استعمال کرتے ہوئے پرامن سیاسی سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹیں ڈالیں۔ ترجمان نے بیان میں مزید کہا ہے کہ ہم ہر اس شخص کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جو اس وقت ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے اور ہماری مرکزی ٹیم کی محفوظ اور فوری رہائی کے لیے آواز بلند کی۔