تربت(گدروشیا پوائنٹ)عالمی یومِ ہیپاٹائٹس کے موقع پر تربت ٹیچنگ اسپتال میں ایک آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس کی میزبانی پروفیسر ڈاکٹر وقار تاج نے کی۔ پروگرام میں مکران میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر افضل خالق، ایم ایس ڈاکٹر عبدالوحید بلیدی سمیت تمام ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ کے سربراہان شریک ہوئے۔
ڈاکٹر وقار تاج نے شرکاء کو ہیپاٹائٹس اے، بی، سی اور ڈی کی وجوہات، بچاؤ اور علاج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس ایک سنجیدہ مرض ہے جو بروقت تشخیص اور علاج سے قابلِ کنٹرول ہے۔ خاص طور پر ہیپاٹائٹس بی سے بچاؤ کے لیے دورانِ حمل ماں کا ٹیسٹ، بچے کی پیدائش کے فوراً بعد حفاظتی ویکسینیشن اور ایمیونو گلوبن کی فراہمی ضروری ہے، جس سے 95 فیصد تک بچاؤ ممکن ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ غیر ضروری بلڈ ٹرانسفیوژن سے گریز، اسپتالوں میں سرنجوں اور آلات کی مکمل صفائی و جراثیم کشی، اور دانت نکالنے یا آپریشن جیسے عمل میں مکمل احتیاطی تدابیر اپنانی چاہئیں۔ ڈاکٹر وقار تاج نے کہا کہ ہر فرد کو ہیپاٹائٹس بی اور سی کا اسکریننگ ٹیسٹ کروانا چاہیے تاکہ بروقت علاج ممکن ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہیپاٹائٹس سی کا علاج تین ماہ کی مدت میں مکمل ہو سکتا ہے، جب کہ ہیپاٹائٹس بی کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے، اگرچہ مکمل طور پر ختم نہیں کیا جا سکتا۔ بغیر علاج کے یہ امراض جگر کی خرابی، خون کی خرابی، پیٹ میں پانی، بے ہوشی اور جگر کے کینسر جیسے مہلک نتائج کا سبب بن سکتے ہیں۔
پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر وقار تاج اور دیگر شرکاء نے عالمی یومِ ہیپاٹائٹس کی مناسبت سے کیک کاٹا اور عوام کو بیماری سے بچاؤ کے لیے بھرپور احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی۔

