تربت:ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں لیویز کی کارکردگی مثالی رہی,جاوید کریم

تربت(گدروشیا پوائنٹ) یونین کونسل بہمن کے چیئرمین اور نیشنل پارٹی کے تحصیل جنرل سیکریٹری جاوید کریم نے کہا ہے کہ ضلع کیچ میں لیویز فورس نے ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ کی قیادت میں بی ایریاز میں جرائم کا خاتمہ کر کے امن قائم کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران لیویز فورس کی کارکردگی مثالی رہی ہے، جس کے نتیجے میں بی ایریاز، جو ماضی میں بدامنی کا شکار تھے، اب پرامن ماحول کی عکاسی کر رہے ہیں۔ عوامی حلقے اور مقامی ذرائع بھی اس تبدیلی کو سراہتے ہیں کہ اس عرصے میں اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں۔
جاوید کریم کا کہنا تھا کہ لیویز فورس نے مقامی زبان، ثقافت اور روایات سے آگاہی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نہ صرف مجرموں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کیں بلکہ عوام کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کر کے اعتماد بھی جیتا۔ یہی وجہ ہے کہ عوام کا لیویز فورس پر پولیس کے مقابلے میں زیادہ اعتماد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ نے لیویز فورس کو منظم، تربیت یافتہ اور فعال بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی سربراہی میں گشت کا نظام مؤثر ہوا، سیکیورٹی حکمت عملی بہتر بنی اور مقامی نوجوانوں اور قیادت کو سیکیورٹی عمل میں شامل کیا گیا۔ ان تمام اقدامات کے باعث بی ایریاز میں جرائم کی شرح تقریباً ختم ہو چکی ہے، جب کہ عوام اور فورس کے درمیان رشتہ مزید مضبوط ہوا ہے۔
یوسی چیئرمین جاوید کریم نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ بعض پالیسی ساز ادارے لیویز فورس کو ختم کرنے یا اس کا دائرہ محدود کرنے پر غور کر رہے ہیں، جو کہ عوامی امنگوں کے منافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بشیر احمد بڑیچ جیسے باصلاحیت، ایماندار اور عوام دوست افسران کی قیادت میں لیویز فورس نہ صرف امن کی ضمانت ہے بلکہ مقامی خودمختاری اور شناخت کی علامت بھی ہے۔ اس فورس کا خاتمہ عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں لیویز فورس کو مزید مضبوط بنانا اور ایسے افسران کی سرپرستی جاری رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ امن و امان کا تسلسل برقرار رہے اور اداروں کی کارکردگی مزید بہتر ہو۔