ایف سی کا فلاحی اقدام دور دراز علاقوں میں 380 مفت میڈیکل کیمپس

تربت:(گدروشیاپوائنٹ) ایف سی بلوچستان ساؤتھ کی جانب سے مارچ 2025 میں بلوچستان کے دورآفتادہ علاقوں میں 380 فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا ۔یہ کیمپس جنوبی بلوچستان کے ان دورآفتادہ علاقوں میں لگائے گئے جہاں طبی سہولیات کا فقدان ہے۔ان علاقوں میں تربت ،مند،بلیدہ ،ہوشاب، دشت، پنجگور، خاران، دالبندین اور ماشکیل کے دور دراز علاقے شامل ہیں۔میڈیکل کیمپس میں ماہر ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی زیرنگرانی مجموعی طور پر 15840مریضوں کو مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی گئیں ۔

کیمپس میں مختلف طبی معائنے اور لیبارٹری ٹیسٹ کی سہولیات کے ساتھ ساتھ مفت ادویات بھی تقسیم کی گئیں۔میڈیکل کیمپس میں بچوں، بزرگوں اور خواتین پر خصوصی توجہ دی گئی۔خواتین کی مخصوص ضروریات کے پیش نظر ،پاکستان آرمی کی ماہر گائناکالوجسٹ کی خصوصی خدمات بھی فراہم کی گئیں۔

مذکورہ بالا علاقوں کے عوام نے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے اس قابلِ ستائش اقدام کو بھرپور انداز میں سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے فری میڈیکل کیمپس کا سلسلہ جاری رہےگا۔