سبی (نمائندہ :گدروشیا پوائنٹ) ڈپٹی کمشنر سبی، میجر (ر) الیاس کبزئی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں صحت سے متعلقہ مسائل، خالی آسامیوں، ادویات کی فراہمی اور اسپتالوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالقادر ہارون، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ڈاکٹر عمیر حسین، سینئر پاپولیشن ویلفیئر آفیسر عبدالستار، یونیسیف کے ایمرجنسی اسپیشلسٹ شیراز احمد بلوچ سمیت محکمہ صحت کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر کو ڈویژنل ہیڈکوارٹر اسپتال، رورل ہیلتھ سینٹرز اور بنیادی مراکز صحت کے انتظامی و تکنیکی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ محکمہ صحت کی مجموعی کارکردگی اور درپیش چیلنجز بھی زیر بحث آئے۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ کیو اسپتال میں ڈاکٹروں کی غیر حاضری کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ غیر حاضر ڈاکٹرز کی مکمل ماہانہ تنخواہیں منقطع کی جائیں اور اگر وہ پھر بھی ڈیوٹی پر حاضر نہ ہوں تو ان کے خلاف برطرفی کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ ڈی ایچ کیو اسپتال میں اس وقت 31 ڈاکٹروں کی آسامیاں خالی ہیں، جن کے لیے جلد اشتہارات جاری کیے جائیں گے۔ گریڈ 1 سے 16 تک کی 41 خالی اسامیوں پر بھی بھرتی کے لیے اقدامات کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے اسپتال میں رہائشی سہولیات سے متعلق درپیش دیرینہ مسئلے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ بغیر الاٹمنٹ کے مقیم افراد سے فوری طور پر رہائش گاہیں خالی کرائی جائیں۔ ایم ایس کو ہدایت دی گئی کہ اسپتال میں ادویات کا مکمل اسٹاک بروقت مہیا کیا جائے تاکہ مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ ڈپٹی کمشنر میجر (ر) الیاس کبزئی نے واضح کیا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

