تربت(گدروشیا پوائنٹ) ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے تربت شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے سینما چوک کے سامنے زیرِ تعمیر سڑک، دشتی بازار میں بننے والے کلوٹ اور ملک آباد کے علاقے میں متاثرہ دکانوں کا دورہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ انجینئرز اور ٹھیکیداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے عوامی فلاح و بہبود سے جڑے ہوئے ہیں، لہٰذا ان میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غیر معیاری کام ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبے نہ صرف بروقت مکمل کیے جائیں بلکہ ان کا معیار بھی بین الاقوامی اصولوں کے مطابق یقینی بنایا جائے۔
ملک آباد میں روڈ کی تعمیر کے باعث متاثر ہونے والے دکانداروں کی دکانوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ نے یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ دکانداروں کو ان کا مکمل معاوضہ دیا جائے گا تاکہ ان کا روزگار متاثر نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شہر کی ترقی ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ ترقیاتی کاموں کی روزانہ نگرانی کی جائے اور کسی بھی رکاوٹ کی صورت میں فوری رپورٹ پیش کی جائے۔

