گوادر، واٹر ڈیسالینیشن پلانٹ فعال، قریبی آبادی کو پانی کی فراہمی کا آغاز، چیئرمین پورٹ کا پلانٹ کا دورہ

گوادر(گدروشیاپوائنٹ)چیئرمین گوادر پورٹ نور الحق بلوچ نے چارج سنبھالتے ہی عوامی فلاح کے لیے اہم پیش رفت کی۔ چینی حکومت کے تعاون سے گوادر میں 1.2 ایم جی ڈی صلاحیت کا واٹر ڈیسالینیشن پلانٹ فعال کر دیا گیا، جس کے بعد گوادر پورٹ سے متصل قریبی آبادی کو باقاعدہ پانی کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ گوادر پورٹ پر قائم واٹر ڈیسالینیشن پلانٹ سے پانی کی سپلائی شروع کی گئی۔ اس موقع پر چیرمین گوادر پورٹ نور الحق بلوچ نے ایکسیئن پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ انجینئر مومن بلوچ کے ہمراہ پلانٹ اور کوہ بن پمپنگ اسٹیشن کا دورہ کیا اور پانی کی فراہمی کے نظام کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ایکسیئن مومن بلوچ نے چیرمین گوادر پورٹ کو کوہ بن پمپنگ اسٹیشن سے اولڈ سٹی اور گوادر بندرگاہ سے متصل آبادیوں کو پانی کی ترسیل سے متعلق بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب گوادر پورٹ سے روزانہ کی بنیاد پر کوہ بن پمپنگ اسٹیشن کو 50 ہزار گیلن پانی کی سپلائی یقینی بنائی جائے گی تاکہ عوام کو مستقل بنیادوں پر صاف پانی میسر آ سکے۔ گوادر پورٹ کے چیئرمین نور الحق بلوچ نے کہا ہے کہ کوہ بن پمپنگ اسٹیشن کو روزانہ 50 ہزار گیلن پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ گوادر شہر کو پانی کی فراہمی کے لیے حکومت بلوچستان جلد فنڈز فراہم کرے گی۔ فنڈز کی فراہمی کے بعد شہر میں مستقل سپلائی ممکن ہوگی۔