تربت: صوبائی وزیرمیر ظہور بلیدی کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی

تربت (گدروشیا پوائنٹ)صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی نے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران تربت سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ، اربن پلاننگ، بی اینڈ آر اور دیگر ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر تربت سٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے انجینئر قاسم گچکی، محکمہ اربن پلاننگ کے انجینئر عبدالرؤف بلوچ، بی اینڈ آر کے انجینئر عبید شاد، ایکسئین واپڈا، ایس ڈی او مہیم خان سمیت دیگر محکموں کے افسران اور ٹھیکیدار بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر کو ضلع کیچ، خصوصاً تحصیل بلیدہ میں جاری ترقیاتی اسکیموں پر تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں ان منصوبوں کو درپیش رکاوٹوں، مسائل اور سست روی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ میر ظہور احمد بلیدی نے اس موقع پر ہدایت دی کہ تمام منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور ان کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ بند یا تاخیر کا شکار اسکیموں کے ٹھیکیداروں کو فوری طور پر تنبیہ جاری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو ٹھیکیدار مقررہ مدت میں کام مکمل نہیں کرتا، اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ملاقات کے اختتام پر صوبائی وزیر نے واپڈا حکام کے ساتھ ضلع کیچ میں جاری بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر بھی تفصیلی گفتگو کی اور اس کے حل کے لیے اقدامات پر زور دیا۔